سعودی عرب کے معروف گو ٹیلی کمیونیکیشنز گروپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ پاکستان میں ایک جدید مصنوعی ذہانت (AI) ہب قائم کرے گا۔ اس اقدام کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ ڈیجیٹل حل تیار کرنا، نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور جدید ٹیکنالوجیز میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔
یہ اعلان وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ کے حالیہ دورہ سعودی عرب کے دوران سامنے آیا، جہاں انہوں نے سعودی وژن 2030 اور پاکستان کی نیشنل اے آئی پالیسی 2025 کے تحت دو طرفہ تعاون پر بات چیت کی۔
وزیر آئی ٹی نے ریاض میں گو ٹیلی کمیونی کیشنز گروپ کے سی ای او یحییٰ بن صالح المنصور سے ملاقات کی، جس میں ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، مصنوعی ذہانت، افرادی قوت کی ترقی اور ڈیٹا سینٹرز کے قیام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مذہبی، ثقافتی اور اسٹریٹجک بنیادوں پر قائم ہیں اور اب ان تعلقات کو ڈیجیٹل ترقی اور ٹیکنالوجی کے میدان میں مزید وسعت دی جا رہی ہے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق گو ٹیلی کمیونیکیشنز گروپ کا یہ منصوبہ پاکستان کے نوجوانوں کو ڈیجیٹل مہارتیں فراہم کرنے، تحقیق و ترقی کو فروغ دینے اور عالمی معیار کے مطابق اے آئی پر مبنی حل تیار کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
یہ شراکت داری دونوں ممالک کے وژن — سعودی وژن 2030 اور پاکستان کی نیشنل اے آئی پالیسی 2025 — کے درمیان ہم آہنگی اور تعاون کی ایک نئی مثال ہے